دنیا
Time 18 جنوری ، 2020

’الفاظ کے چناؤ میں محتاط رہیں‘، ٹرمپ کی ایران کے سپریم لیڈر کو تنبیہ

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو الفاظ کے چناؤ میں احتیاط برتنے کی تنبیہ دے دی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر کو متنبے کیا کہ ایران کے سپریم لیڈر امریکا اوریورپ کے بارے میں غلط باتوں سے پرہیز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی معیشت تباہ ہورہی ہے اور لوگ مشکلات کا شکار ہیں، ایرانی سپریم لیڈر الفاظ کےچناؤ میں احتیاط کریں۔

واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر ایران کے انتقامی حملے کو امریکا اور بیرونی قوتوں کے منہ پر تھپڑ قرار دیا تھا۔

امریکا ایران حالیہ کشیدگی کا پس منظر

3 جنوری کو امریکا نے بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھاجس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

8 جنوری کی علی الصبح ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوج کے دو ہوائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں 80 ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا گیا تاہم امریکا نے اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تردید کی ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران امریکا کشیدگی کے دوران 8 جنوری کو یوکرین کا مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے۔

طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کفا جا رہا تھا جس میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری بھی سوار تھے۔

امریکا، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا تھا کہ طیارے کو ایران نے میزائل سے نشانہ بنایا تاہم ایران نے کئی مرتبہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بیانات کی تردید کی۔

ایران نے واقعے کی تحقیقات میں تعاون کا بھی اعلان کیا اور امریکا کو تحقیقات کے لیے دعوت دی تاہم عالمی دباؤ کے بعد ایران نے طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرلیا۔

مزید خبریں :