پاکستان
Time 21 جنوری ، 2020

گندم بیچنے والے ملک کو گندم خریدنے والا بنادیا گیا، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے، حکومت کا ہر فیصلہ عوام کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔

ٹھٹھہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گندم بیچنے والے ملک کو گندم خریدنے والا بنادیا گیا، ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے تو سندھ حکومت پر الزام کیوں لگاتے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ  زرداری کے دور میں گندم خریدنے والے ملک کو گندم بیچنے والے ملک میں تبدیل کردیاگیا تھا۔

بلاول بھٹو  زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن ہیں، ایک ترقیاتی منصوبہ تک شروع نہیں گیا ،جس طرح حکومت چل رہی ہے ایسا لگتا ہے ایک نہیں دو پاکستان ہیں۔

 آئی جی سندھ کے معاملے پر  بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی کو  پتا ہی نہیں ہوتا اور پنجاب کا آئی جی تبدیل ہوجاتا ہے، اگر پنجاب کا آئی جی  پولیس تبدیل ہوسکتاہے تو سندھ کےآئی جی کو بھی اسی رولز کے تحت تبدیل ہونا چاہیے۔

'سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہورہی ہے '

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایک سال سے سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہورہی ہے ، جرائم میں اضافے کی وجہ سے لوگ ہم سے ناراض ہیں، سندھ ہمارا صوبہ ہے عوام ہم سے حساب مانگتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے حق سے زیادہ نہیں مانگتے، آئین کے تحت عوامی حق مانگتے ہیں، نااہل اور نالائق حکومت آئینی حق بھی ماررہی ہے ،سندھ کے وزیراعلیٰ دیگر وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں زیادہ کام کر رہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کم وسائل میں زیادہ کام کررہی ہے،  پانی کی قلت کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوسکتا، پانی کی قلت دور کرنے کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں :