دنیا
Time 22 جنوری ، 2020

ماضی کا پیار: شادی سے کچھ روز قبل دولہے کا باپ اور دلہن کی ماں فرار ہوگئے

قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ، 48 سالہ لڑکے کے والد اور 46 سالہ لڑکی کی والدہ ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے تھے اور ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے تھے— فوٹو: فائل

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں شادی کی تقریب کی تیاریاں جاری تھیں کہ حیران کن طور پر دولہا کے والد اور دلہن کی والدہ اچانک لاپتہ ہوگئے۔

ٹائمز آف انڈیا کہ مطابق سورت کے رہائشی، لڑکا اور لڑکی (جن کے نام ظاہر نہیں کیے گئے) کی ایک سال پہلے منگنی ہوئی، شادی رواں سال فروری کے دوسرے ہفتے میں طے تھی جس کی تیاریاں جاری تھیں کہ اچانک یہ واقعہ رونما ہوا۔

یاد رہے کہ دونوں کے والدین کے لاپتہ ہونے کے بعد کچھ قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ، 48 سالہ لڑکے کے والد اور 46 سالہ لڑکی کی والدہ، ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے تھے اور ماضی میں وہ ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے تھے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دونوں ایک ساتھ فرار ہوئے ہیں اور ممکنہ طور پر ان کا ارادہ شادی کرنے کا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں کے والدین ماضی میں سورت کے مضافاتی علاقے کترگام میں پڑوسی تھے اور ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔

دونوں اپنے بچوں کی شادی کی تقریب سے 11 دن پہلے لاپتہ ہوئے اور اب تک ان کی کوئی اطلاع نہیں ہے لہٰذا شادی کی تقریب بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لڑکی کی والدہ گجرات کے ایک گاؤں نوساری میں اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھیں جو کہ ہیروں کا کام کرتے ہیں جبکہ لڑکے کے والد کترگام کے رہائشی تھے اور ٹیکسٹائل کا کاروبار کرتے تھے۔

لڑکے کے والد کو آخری باربھارتی ریاست گجرات کے گاؤں سورت میں جبکہ لڑکی کی والدہ کو نوساری میں ان کے گھر سے نکلتے دیکھا گیا تھا۔

اس کے علاوہ واقعے کی رپورٹ درج کروادی گئی ہے اور گھر والوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان کیلئے کافی شرمندگی کا باعث ہے کیوں کہ مذکورہ شخص اور خاتون کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

مزید خبریں :