پاکستان
Time 28 جنوری ، 2020

لاہور میں پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی

لاہور: امامیہ کالونی میں پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں  آتشزدگی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

لاہور  کے علاقے  امامیہ کالونی کے نزدیک پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں رات گئے سلنڈر پھٹنے سے اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

آگ سے فیکٹری کا کچھ حصہ اور ملحقہ ایک مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی، آگ کی شدت کے باعث قریبی گھروں کو بھی خالی کرایا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے 2 خواتین اور 4 بچوں سمیت 11 افراد کی لاشیں اور 2 زخمیوں کو ملبے سے نکالا جبکہ لاشوں کو مردہ خانے اور زخمیوں کو میو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق 8 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن میں فیکٹری کا مالک عابد، 65 سالہ زاہد ولد فضل، اس کی بیوی 55 سالہ رشیدہ، 9 سالہ موسیٰ، نوید، صدام، وحید اور 6 سالہ اریبہ شامل ہیں۔

سول ڈیفنس آفیسر کی مدعیت میں فیکٹری کے دوسرے مالک جمیل کے خلاف درج کر لیا گیا۔

 ایف آئی آر کے مطابق فیکٹری مالک جمیل نے غیر قانونی پرفیوم تیار کررہا تھا اور دھماکا گیس سلنڈر میں لیکیج سے ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :