29 جنوری ، 2020
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کہتی ہیں کہ وہ پاکستان کی بہترین آل راونڈر بننا چاہتی ہیں، لوگ جارحانہ انداز کی وجہ سے لیڈی بوم بوم کہتے ہیں اور یہ ٹائٹل انہیں ہر بار جارح انداز میں بیٹنگ کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں ندا ڈار نے کہا کہ پچھلے دنوں ان کی فارم خراب ضرور تھی لیکن کیمپ میں انہوں نے کافی محنت کی اور اب وہ اسکور بورڈ پر رنز سجانے کے لیے تیار ہیں، امید ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گی۔
خیال رہے کہ ندا ڈار اس وقت پاکستان کی جانب سے تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ رکھتی ہیں، انہوں نے 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ عالمی ریکارڈ 18گیندوں پر سنچری کا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی شاہد آفریدی کی مداح رہی ہیں اور ان کو دیکھ کر ہی جارح مزاج بلے بازی کو اپنایا، جب شاہد آفریدی نے ان کی تعریف کی تھی تو بہت اچھا لگا تھا۔
33 سالہ ندا ڈار 74 ایک روزہ اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں اور ان کا اگلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے۔
ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر ٹیم کو سرخرو کرانا چاہتی ہیں۔
ایک سوال پر ندا ڈار نے کہا کہ آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کھیلنا ان کے لیے کافی مفید ثابت ہوا ہے اور جو تجربہ انہوں نے حاصل کیا اس سے نہ صرف انہیں بلکہ ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا۔