29 جنوری ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کہتے ہیں کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کریں گے، کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاکر پاکستان ٹیم میں کم بیک کریں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ وہ پچھلی بار بھی پی ایس ایل میں شروع کے نمبروں پر بیٹنگ کرنے آئے تھے اور اس بار بھی وہ اوپر کے نمبروں پر ہی بیٹنگ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوتا ہے تو اس کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں پرفارمنس دے کر ٹیم میں واپسی کی راہیں ہموار کرے اور پاکستان سپر لیگ میں ان کی بھی یہی کوشش ہوگی کہ بہتر سے بہتر پرفارمنس دے کر قومی ٹیم میں واپس آئیں۔
خیال رہے کہ 49 ٹیسٹ اور 116 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 32 سالہ سرفراز احمد کو پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف محدود اوورز کی سیریز کے بعد قیادت سے برطرف اور ٹیم سے ڈراپ کردیا تھا۔
جب سرفراز احمد سے پوچھا گیا کہ وہ بحثیت کپتان ہی واپس آنا چاہیں گے یا بطور کھلاڑی واپسی بھی قبول ہوگی تو انہوں نے روایتی مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ پہلے بھی وہ بطور کھلاڑی ہی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے اور اب بھی بطور کھلاڑی ہی واپسی کرنا چاہیں گے۔
انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا ہے، ماضی میں بھی اس لیگ سے پاکستان کو بہت سے کھلاڑی ملے ہیں اور امید ہیں آئندہ بھی یہ لیگ پاکستان کو بہترین ٹیلنٹ فراہم کرتی رہے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 واں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔