پاکستان
Time 07 فروری ، 2020

’ضمانت کا مطلب بریت نہیں، قانون کو خواہشات کی بلی نہیں چڑھایا جا سکتا‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان—فوٹو فائل 

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے اور حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں۔

گزشتہ روز  لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کی جب کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

حمزہ شہباز کی ضمانت منظور ہونے پر  معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے  ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے، حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں ہے، لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  قانون کو خواہشات کی بلی نہیں چڑھایا جا سکتا، ہر صورت قانون کی عملداری ہوگی، عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔

نواز شریف کی طبی رپورٹس موصول نہ ہونے پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نے بھی”قطری خط“ کا درجہ حاصل کر لیا ہے، کہتے ہیں جب تک اسپتال میں داخل نہیں ہوتے میڈیکل رپورٹس نہیں بھجوا سکتے جب کہ نواز شریف شدید بیماری کا بیان دےکر لندن گئے تھے اور ابھی تک اسپتال داخل نہیں ہوئے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت دینے سے متعلق احسن اقبال کے بیان پر وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ  احسن  صاحب جیلوں میں قید دیگر قیدیوں کی بھی بیٹیاں ہیں، ان کی بیٹیاں سوال کر رہی ہیں کہ ان سے امتیازی سلوک کیوں؟

مزید خبریں :