15 ویں سالگرہ پر گوگل میپ نے نیا لوگو اور فیچرز متعارف کرادیے

ایپ کے نچلے حصے میں ’کنٹریبیوٹ‘ اور ’اپ ڈیٹ‘ دو ٹیبز (tabs) کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ’فار یو‘ ٹیب کو ’سیوڈ‘ ٹیب کے نام سے بھی تبدیل کیا گیا ہے— فوٹو: فائل

گوگل میپ نے اپنی 15 ویں سالگرہ کے موقعے پر تھوڑی تبدیلیوں کے بعد اپنا نیا لوگو متعارف کروادیا اور ساتھ ہی صارفین کے لیے سہولیات کو بڑھاتے ہوئے کچھ نئے فیچرز بھی متعارف کروائے ہیں۔

لوگو میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ گوگل میپ کے فنکشنز میں بھی کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایپ کے نچلے حصے میں ’کنٹریبیوٹ‘ اور ’اپ ڈیٹ‘ دو ٹیبز (tabs) کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ’فار یو‘ ٹیب کو ’سیوڈ‘ ٹیب کے نام سے بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

ان نئی ٹیبز کے ذریعے صارفین کو ایپ کھولتے ہی زیادہ تر فیچرز تک فوری رسائی مل جائے گی اور انہیں سائیڈ ٹیب میں ان فیچرز کو ڈھونڈنا نہیں پڑے گا۔

اس کے علاوہ گوگل نے میپ میں مزید کچھ اور تبدیلیوں کا بھی عندیہ دیا ہے اگرچہ وہ اب تک ایپلیکیشن کا حصہ نہیں ہیں لیکن امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اگلے مہینے میں وہ فیچرز بھی ایپ کا حصہ بن جائیں گے۔

پہلے فیچر کے ذریعے راستے میں ہجوم کی معلومات دی جائے گی جبکہ اس سے پہلے گوگل میپ صرف یہ بتاتا تھا کہ آیا جس بس اور ٹرین کا استعمال کریں گے اس کے راستے میں ہجوم ہوگا کہ نہیں لیکن اس اپڈیٹ کے بعد صارفین کو درجہ حرارت، وہیل چیئر کی سہولت، صرف خواتین کے سفر کرنے کی گاڑیوں سے متعلق معلومات اور سیکیورٹی کی بھی معلومات دی جاسکے گی۔

علاوہ ازیں ایپ میں ایک اور تبدیلی بھی کی جارہی ہے۔ گوگل میپ اپنی نیوی گیشن موڈ میں بھی تبدیلی کررہا ہے اور ’لائیو ویو فیچر‘ متعارف کروا رہا ہے جس سے ایپ مزید بہتر ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ گوگل میپ کے ایپ میں یہ نئے فیچرز آج سے تمام اینڈرائڈ اور iOS ڈیوائسز میں آجائیں گے جبکہ سفر کی نئی معلومات اور لائیو ویڈیو موڈ کے فیچرز بھی جلد ہی اس ایپ کا حصہ بن جائیں گے۔

مزید خبریں :