کھیل
Time 16 فروری ، 2020

پی ایس ایل میں کپتانی چیلنج لیکن کارکردگی دکھانے کیلئے پُرعزم ہوں: کپتان شان مسعود

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز جلد ہونے والا ہے جس میں  ٹیم ملتان سلطانز اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے  پُرعزم ہے۔

پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے حوالے سے ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ فرنچائز کو لیڈ کرنا میرے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ  ڈومیسٹک میں میرا سیزن بہت مختلف رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  پی ایس ایل میں کپتانی چیلنج ہے لیکن سینئر کھلاڑیوں کی وجہ سے دباؤ نہیں ہے اس لیے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ٹیم میں شامل فاسٹ بولر جنید خان نے کہا کہ ورلڈ کپ ماضی کا حصہ ہے نہیں جا سکا تو اس میں بھی کچھ بہتری ہو گی مگر  اب میرا فوکس پی ایس ایل پر ہے اچھا پرفارم کرنے پر توجہ دوں گا۔

ایسے ہی فاسٹ بولر بلاول بھٹی نے  بھی کہا کہ ایونٹ سے پہلے ڈراپ ہونا مایوسی ہوتی ہے اب وہ ماضی کا حصہ ہے لیکن اب فوکس پی ایس ایل پر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا کہ میرا فوکس اچھی پرفارمنس پر ہے، پی ایس ایل میں پرفارم کرنا میرے لئے ضروری ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان روحیل نزیر نے کہا کہ انڈر19 ورلڈکپ سے بہت کچھ سیکھا اور اب پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب لیگ اسپنر عثمان قادر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ بہت کچھ سیکھا، بنگلا دیش کے خلاف آخری میچ میں بارش ہو گئی تو موقع نہ مل سکا۔

وائلڈ کارڈ کی بدولت سلور سے ڈائمنڈ کیٹگری میں چنے جانے والے ذیشان اشرف نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ میں پی ایس ایل کھیلوں گا لیکن یہ یقین نہیں تھا کہ سلور سے ڈائمنڈ میں چلا جاؤں گا اب ڈائمنڈ کی طرح کھیل کر ٹیم کو جتواؤں گا۔

 اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہو رہا ہے، اس سے کرکٹ میں بہتری آئے گی جب کہ مداحوں کو اسٹارز کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تین لیگ اسپنرز ہیں، ہم جیتنے کے لیے جائیں گے کھلاڑی میچز ونرز ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ  اینڈی فلاور نے کہا کہ مجھے خوشی اور فخر ہے کہ پاکستان آیا ہوں، میری پاکستان میں بہت دوستی ہے اور میں یہاں 1990سے  آرہا ہوں، خوشی ہے کہ ایک بار پھر  پاکستان میں ہوں۔

ہیڈ کوچ ملتان سلطان نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں جب کہ ٹیم متوازن ہے۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر روی بوپارہ نے کہا کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں ہونا اچھی بات ہے، دبئی میں انجوائے کیا لیکن یہاں مداحوں کو بہت فائدہ ہو گا، میں یہاں کھیلنے کے لئے بہت پُرجوش ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم سی سی کی طرف سے بھی کھیلنے میں بہت مزہ آیا، پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، لیگ میں بؤلنگ بہت مضبوط ہوتی ہے جب کہ یہ بیٹسمینوں کے لئے مشکل ہوتی ہے۔

مزید خبریں :