کھیل
Time 17 فروری ، 2020

ناردرن نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دے دی

 سمت پٹیل کی جانب سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ایم سی سی کو فتح دلانے میں ناکام رہی،فوٹو:پی سی بی

قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ناردرن نے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

میری لیبون کرکٹ کلب کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ناردرن کے اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، مستحکم اوپننگ شراکت کے باعث ناردرن کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔

 علی عمران نے 43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سرمد بھٹی 25 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ 

ایم سی سی کی جانب سے روی بوپارہ نے 3 جب کہ رولوف اور عمران قیوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کی بھرپور کوشش کی تاہم بلے بازوں کی جانب سے طویل شراکت نہ لگنے کے باعث وہ میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔

 سمت پٹیل کی جانب سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ایم سی سی کو فتح دلانے میں ناکام رہی اور ایم سی سی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی۔

 ناردرن کی جانب سے منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایم سی سی کی ٹیم اگلا ٹی ٹوئنٹی  ملتان سلطانز  کیخلاف کھیلے گی

ایم سی سی کی ٹیم اگلا ٹی ٹوئنٹی میچ 19فروری کو  ملتان سلطانز کے خلاف ایچی سن کالج لاہور میں  کھیلے گی۔

خیال رہے کہ  انگلینڈ کے معروف اور تاریخی میری لیبون کرکٹ کلب کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔

ایم سی سی ٹیم کی قیادت کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں۔

انگلینڈ کا تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میری لیبون کرکٹ کلب کی ہی ملکیت ہے اور اس کلب کو کرکٹ قوانین کے ضامن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

مزید خبریں :