Time 18 فروری ، 2020
کھیل

پی ایس ایل نے ہمیشہ پاکستان کو باصلاحیت بولرز دیے، کولن انگرام

حیران کن طور پر کس طرح ایک نامعلوم بولر آتا ہے، تباہ کون بولنگ کرتا ہے اور چھا جاتا ہے، جنوبی افریقی بیٹسمین— فوٹو : جیو نیوز

جنوبی افریقا کے کرکٹر کولن انگرم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بولنگ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ نے ہمیشہ پاکستان کو باصلاحیت بولرز دیے ہیں۔

34 سالہ جنوبی افریقی بیٹسمین نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی ٹاپ لیگز میں شامل ہے، ہر ٹیم کے پاس ایک اچھا اسپنر ہے، کچھ کے پاس دو ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ بالخصوص ڈیتھ بولنگ کا ٹیلنٹ کمال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بلے باز کی حیثیت سے اکثر ان کیلئے حیران کن ہوتا ہے کہ کس طرح ایک نامعلوم بولر آتا ہے، تباہ کون بولنگ کرتا ہے اور چھا جاتا ہے، یہ خوشی کی بات ہے کہ پی ایس ایل سے ایسے کرکٹرز سامنے آرہے ہیں۔

انگرام پی ایس ایل کے لیے کراچی کنگز سے اسلام آباد یونائیٹڈ منتقل ہوچکے ہیں اور انگرام پی ایس ایل کی کامیاب ترین فرنچائز کے ساتھ دلچسپ کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

کولن انگرم نے گزشتہ برس شارجہ میں 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، اپنی اس اننگز کو یاد کرتے ہوئے جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ وہ ایک یادگار شام تھی، ان پر بھی اسکور کیلئے دباؤ تھا اور ٹیم بھی دو میچز ہار چکی تھی تو ضروری تھا کہ کچھ رنز اسکور کرتا، خوشی ہے کہ اس اننگز کے بعد ٹیم فتحیاب ہوئی اور ٹورنامنٹ میں واپس آئی۔

گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے والے کولن انگرم نے کہا کہ ان کیلئے سب کچھ حیرت انگیز تجربہ تھا اور انہیں یہاں آکر اندازہ ہوا کہ لوگ کرکٹ کیلئے کس قدر بے تاب تھے۔

انہوں نے کہا کہ پوری لیگ پاکستان میں ہونے سے اب اس کی دلچسپی اور بھی بڑھ جائے گی، امید ہے کہ جیسا پیار پہلے کراچی میں ملا تھا، ویسا اب پورے ملک میں ملے گا۔

مزید خبریں :