کھیل
Time 19 فروری ، 2020

پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کی رونمائی، افتتاحی میچ کل کراچی میں ہوگا

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کی ٹرافی کی رونمائی  اسکواش لیجنڈ جہانگیرخان کے ہاتھوں ہوئی۔

پی ایس ایل 5 کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب نیشنل اسٹڈیم میں ہوئی جہاں جہانگیرخان ٹرافی لے کر اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔

تقریب میں  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  احسان مانی اور   ٹیموں کے کپتانوں سمیت فرنچائز مالکان بھی شریک تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا آغاز کل سے کراچی میں ہورہا ہے اور اس مرتبہ ایونٹ کے تمام میچ پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے، میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے غیر ملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی نے پچھلے سال خوب سپورٹ کیا تھا اب یہاں افتتاحی میچ ہونا اس سپورٹ کا اعتراف ہے۔

 اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے پی ایس ایل کی ٹرافی لانا عزت کی بات ہے، بطور اسپورٹس مین خوش ہوں کہ پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہورہی ہے۔

جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے ساری ٹیمیں برابر ہیں اور میں ہر ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب جمعرات کو کراچی میں ہوگی، ایکشن سے بھرپور ان مقابلوں میں 36 غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے، ایونٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :