19 فروری ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن میں کل دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ذہن میں یہ نہیں کہ کسی کو چیلنج کروں لیکن دفاعی چیمپیئن ہیں تو دباؤ ضرور ہے، اعزاز کا دفاع کریں گے، ٹیم اچھی ہے، جیسا کھیلتے آرہے ہیں ویسا ہی کھیلیں گے اور کوشش کریں گے کہ تیسری مرتبہ بھی ٹرافی اٹھائیں۔
انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ بحالی کے عمل سے گزرنےکی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں کوالٹی پلیئرز موجودمیں ، اچھا کمبی نیشن بنائیں گے، جو پاکستان آرہے ہیں اور ماحول دیکھ رہے ہیں، ان کا تاثر بدل رہا ہے۔
سرفراز احمد نے شاداب خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان کو ٹیم کی کپتانی کی مبارکباد دیتا ہوں، وہ مستقبل میں پاکستان کی قیادت بھی کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ سرفراز سابق کپتان ہیں، گراؤنڈ سے باہر پکے دوست ہیں لیکن میدان میں تو مقابلہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، ہر کھلاڑی اچھا کردار ادا کرسکتا ہے، ٹیم میں سینیئر کرکٹرز کے ساتھ کھیل چکا ہوں تو کپتانی میں مشکل نہیں ہوگی۔
ڈیل اسٹین کے حوالے سے شاداب خان کا کہنا تھا کہ ڈیل اسٹین ابتدائی 3 میچز کے بعد ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں ہر ٹیم اچھی ہے، سب ہی میچ بڑا میچ ہوتا ہے، سرفراز نے ہمیشہ اعتماد دیا تو ان کو مس ضرور کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوچکی ہے جبکہ جمعرات کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی جس کے بعد پہلا میچ کھیلا جائے گا۔