Time 21 فروری ، 2020
کھیل

پاکستان آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے، وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ اس سے بڑی خوشی کی کوئی اور بات نہیں ہو سکتی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل ہی نہیں بلکہ سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان اور ایم سی سی کا لاہور میں میچز کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اب کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے اس سے پوری دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔

وقار یونس نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا نوجوانوں کو فائدہ ہوتا ہے اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے جو انہیں کیریئر میں کام آتا ہے۔

انہوں نے کہ آئی سی سی آفیشلز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جو کہ بڑا حوصلہ افزاء رہا اب اگلے سرکل میں پاکستان کو آئی سی سی ایونٹس کے میزبانی کیلئے پیشکش کرنی چاہیے، پاکستان میزبانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اب کرکٹ کیلئے حالات معمول پر آگئے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں کھیل رہے ہیں، ایم سی سی کی بھی ٹیم آئی اب میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی اور مکمل سیریز پاکستان میں کھیلیں گی۔

وقار یونس نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ابھی بہت وقت ہے اس پی ایس ایل سے بھی کھلاڑیوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا، یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جس میں نوجوان کارکردگی سے اپنی طرف توجہ مبزول کرا سکتے ہیں، میں بھی بولرز پر نظر رکھوں گا اور پلان یہی ہے کہ موجودہ بولرز کے ساتھ اس لیگ کے پرفارمرز کو بھی چیک کریں اور کیمپ میں بلائیں۔ 

مزید خبریں :