Time 24 فروری ، 2020
کھیل

پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ

 اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے میچ میں قلندرز نے مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کیے،فوٹو:پی ایس ایل آفیشل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں  سلو اوور ریٹ کے باعث لاہور قلندرز  پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے میچ میں  قلندرز نے مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کیے جس پر  پی ایس ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت  تمام 11 کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

قوانین کے مطابق اگر لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں آئندہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب پائی جاتی ہے تو اُس وقت ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

آن فیلڈ امپائرز رینمور مارٹینیز اور راشد ریاض، تھرڈ امپائر شوزب رضا اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے سلو اوور ریٹ کے باعث لاہور قلندرز کو چارج کیا، جس کے بعد میچ ریفری محمد انیس نے لاہور قلندرز پر جرمانہ عائد کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چھٹے میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا۔

مزید خبریں :