نازیبا تصویر کھینچنے سے انکار کرنے والا فون ایجاد

فوٹو: بشکریہ گِز چائنہ 

سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں نوجوانوں میں اسمارٹ فونز کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے وہیں ان اسمارٹ فونز کے ذریعے سے نوجوان غلط راہ کی جانب بھی بھٹک رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر نازیبا تصاویر وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ بلیک میلنگ اور خودکشی کے واقعات میں بھی روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

اسی کے پیشِ نظر حال ہی میں ایک جاپانی کمپنی کی جانب سے ایسااسمارٹ فون متعارف کرایا گیا ہے جو کہ صارفین کو نازیبا تصاویر کھینچنے سے بچاتا ہے۔

جاپانی کمپنی کے اس فون کا نام ’ٹون ای 20‘ ہے جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو نازیبا یا بے لباس تصاویر کھینچنے سے روکتا ہے۔

جب بھی کوئی صارف نازیبا تصویر کھینچنے کی کوشش کرے گا تو فون میں موجود مصنوعی ذہانت والا ایلگورتھم نازیبا تصویر کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے فون کی گیلری میں محفوظ نہیں کرے گا اور جب صارف کی تصویر اسمارٹ فون میں محفوظ ہی نہیں ہو سکے گی تو وہ ایسی تصاویر کسی کو بھیج بھی نہیں سکیں گے۔

اور صرف یہ ہی نہیں بلکہ یہ اسمارٹ فون کسی بھی دوسرے اسمارٹ فون سے کنیکٹ (جُڑ) ہوسکتا ہے اور جیسے ہی کوئی ’ٹون ای 20‘ سے نازیبا تصویر کھینچے گا تو دوسرے اسمارٹ فون کے صارف کو فوراً نوٹیفکیشن موصول ہوجائے گا، بنیادی طور پر یہ اسمارٹ فون نوجوانوں کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ان کے والدین کو معلوم ہوسکے کہ ان کا بچہ اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے نازیبا تصاویر تو نہیں کھینچ رہا۔

علاوہ ازیں اگر فون کی دیگر خصوصیات کی بات کی جائے تو اس کا ڈسپلے 6.2 انچ کا ہوگا جس کا سیلفی کیمرا 8 میگا پکسل جب کہ فون کی پشت پر 3 کیمرے موجود ہوں گے۔

ٹون ای 20 اسمارٹ فون صارفین 178 ڈالرز میں خرید سکتے ہیں جب کہ یہ فی الحال جاپان کی مارکیٹوں میں ہی فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :