24 فروری ، 2020
خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کردی گئیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی پیر کو ایک بار پھر مچھلی بازار بنا رہا اور اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔
اپوزیشن کے ہنگامے کے باوجود بلوں کی منظوری کا سلسلہ بھی جاری رہا اور اس دوران کے پی کے اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں تحلیل کردی گئیں۔
ضلع خیبر سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ممبر اسمبلی شفیق آفریدی نے قائمہ کمیٹیوں کو ختم کرنے کے لیے تحریک پیش کی جس کے بعد اسپیکر مشتاق غنی نے 36 کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔
شفیق آفریدی کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں میں قبائلی اضلاع کے نمائندگی نہیں تھی۔
ہنگامہ آرائی کے دوران فنانس ترمیمی بل 2020 کی منظوری دی گئی جب کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل بھی منظور کرلیا گیا۔
اپوزیشن کے احتجاج کے باعث اجلاس صرف 40 منٹ چل سکا اور اسپیکر نے اجلاس کل 2 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا۔