Time 21 مارچ ، 2020
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم پر جیو نیوز اصل نمبرز پر بحال

فائل فوٹو—

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر جیو نیوز کیبل پر اصل پوزیشن پر بحال کردیا گیا۔ 

13 مارچ 2020 ء کو جیو نیوز کی نشریات بند کردی گئیں یا چینل کو آخری نمبروں پر دھکیل دیا گیا تھا جس کی وجہ سے صارفین کو جیو نیوز  دیکھنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ 

جو صارفین  چینل کو آخری نمبرز  پر تلاش کرنے میں کامیاب ہو بھی گئے تو انہیں ویڈیو اور صاف آواز میسر نہ تھی جس کے باعث حقائق سے باخبر رہنے کا حق چھینے جانے پر جیو نیوز کے ناظرین کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

جب کہ یہ سب جیو جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی پرائیویٹ پراپرٹی کیس میں گرفتاری کے بعد ہوا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے 13 مارچ کو نیوزکانفرنس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کا میڈیا کی آزادی سے کوئی تعلق نہیں۔

اس نیوز کانفرنس کے فوری بعد ملک بھر میں جیو نیوز بند یا آخری نمبروں پر دھکیل دیا گیا تھا۔

2 بار ممبرز راجا احسن محمود ستی اور میاں فیصل ایڈووکیٹ نے16 مارچ کو بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور عوام کو معلومات تک رسائی سے محروم نہیں کیا جا سکتا، اس لیے جیو نیوز کو اس کے اصل نمبروں پر واپس لایا جائے۔ 

بیرسٹر جہانگیر جدون نے سپریم کورٹ کے دو فیصلوں کے حوالہ جات بھی پیش کیے اوراس پر عمل درآمد کرانے کے لیے احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی۔ 

بعدازاں اسلام ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے ممبرز کی درخواست پر  18 مارچ کو جیو نیوز کو جیو جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سے قبل کی پوزیشن پر بحال کرنے کا حکم جاری کردیا تھا جو اب اپنی اصل پوزیشن واپس آگیا ہے۔

مزید خبریں :