Time 27 مئی ، 2020
کھیل

وقار یونس سمیت ٹیم منیجمنٹ کے 3 اہم ارکان کی پاکستان آمد میں دشواری

کووِڈ 19 کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کے تین اراکین کو پاکستان آمد میں دشواری کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیم منیجمنٹ کے ممبران کو پاکستان واپس لانے کیلئے حکمت عملی بنا رہا ہے، دورہ انگلینڈ کے یقینی ہونے کی صورت میں کوچز براہ راست انگلینڈ میں بھی ٹیم کو جوائن کر سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم منیجمنٹ کے تین اراکین پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔ قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے ابتدائی مرحلے میں تینوں کوچز کی شمولیت مشکل نظر آ رہی ہے۔

پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا، فزیو کلف ڈیکن ساؤتھ افریقا جبکہ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن پی ایس ایل سے قبل ہی چھٹیوں پر اپنے وطن نیوزی لینڈ جا چکے تھے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ سمیت منیجمنٹ کے دیگر اراکین تینوں سے رابطے میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ ٹریننگ کا پلان بنانے کیلئے تینوں کوچز سے مشاورت کی جاتی ہے، کووڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سب کے سامنےہے، سفری آسانیوں کے ساتھ ہی کوچز پاکستان ٹیم منیجمنٹ کو جوائن کر لیں گے، موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر کوچز کی واپسی کا پلان تیار کیا جا رہا ہے اگر ان کی آمد میں تاخیر ہوئی تو ممکن ہے کہ کوچز انگلینڈ میں ہی ٹیم کو جوائن کر یں۔

ممکنہ کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کے ابتدائی مرحلے کا انعقاد جون کے پہلے ہفتے سے کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور میڈیکل شعبے کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم جلد اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتائیں گے۔

مزید خبریں :