05 جون ، 2020
سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے کورونا وائرس کو شکست دے دی، ان کا کووِڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا ہے، توفیق عمر کا کہنا ہے کہ وہ اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے سابق ٹیسٹ اوپننگ بیٹسمین توفیق عمر کا عید سے قبل کووڈ 19 ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد توفیق عمر نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا۔
توفیق عمر قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔ توفیق عمر نے کہا کہ 15 روز کی آئسولیشن کے بعد انہوں نے کووڈ 19 ٹیسٹ کرایا ہے جو کہ منفی آیا ہے اور وہ اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔
توفیق عمر نے بتایاکہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت ضرور آیا تھا لیکن علامات زیادہ شدید نہیں تھیں، اس کے باوجود میں نے بہت احتیاط کی، یہی وجہ ہے کہ میں کورونا وائرس سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوگیا۔
توفیق عمر نے کہا کہ اس وقت سب کو حکومت کی بتائی ہوئی ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے تاکہ اس وائرس کو شکست دے سکیں۔
علاوہ ازیں سابق مسٹر ایشیا یحییٰ بٹ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا دو روز قبل کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا ، انہوں نے لاہور کے مقامی میڈیکل سینٹر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ اور چیئرمین عالمگیر شیخ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں انہوں نے گھروں میں ہی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور دعائے صحت کے لیے اپیل کی ہے ۔