Time 09 جون ، 2020
کھیل

پی سی بی کا دورہ انگلینڈ سے قبل قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ نہ لگانے کا اعلان

 بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کی جولائی کے اوائل میں انگلینڈ کے لیے مجوزہ تاریخ کو تبدیل کرکے جلد انگلینڈ روانگی پر ای سی بی سے مسلسل رابطے میں ہے: پی سی بی — فوٹو:فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور درپیش چیلنجز کی وجہ سے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان ٹیم کا کیمپ پہلے جون کے اوائل میں لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن بائیو سیکیور انتظامات کے لیے ضابطہ کار اور گائیڈ لائنز کی تیاری میں تاخیر کی وجہ سے کیمپ جون کے تیسرے ہفتے میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور انگلینڈ روانگی 5 جولائی کو طے کی گئی لیکن اب کیمپ سرے سے ہی ختم کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق آئندہ آنے والے ہفتوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک محفوظ ماحول، لاجسٹک اور آپریشنل مسائل کی فراہمی ایک چیلنج ہوگا لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی سے قبل ٹریننگ کیمپ منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

 بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کی جولائی کے اوائل میں انگلینڈ کے لیے مجوزہ تاریخ کو تبدیل کرکے جلد انگلینڈ روانگی پر ای سی بی سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں اضافی پریکٹس سیشنز میں ٹریننگ کا موقع مل سکے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ انہیں موجودہ حالات میں کرکٹ گراؤنڈز میں ٹریننگ نہیں کرنی چاہیے اور انہیں سماجی فاصلوں کے ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد کرنا چاہیے، یہ ہدایات ان کے اور ا ن کی فیملی کی بہتری کے لیے ہیں۔

خیال رہے کہ ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کووڈ 19 کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے ۔

دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔

مزید خبریں :