کاروبار
Time 04 جولائی ، 2020

نوشین جاوید فارغ، جاوید غنی نئے چیئرمین ایف بی آر تعینات

وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی چیئرپرسن نوشین جاوید کو عہدے سے ہٹا دیا۔

حکومت نے جاوید غنی کو نیا چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نئے چئیرمین ایف بی آر کی سمری کی منظوری وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے حاصل کی گئی۔

خیال رہے کہ 6 اپریل کو شبر زیدی کی تقرری ختم کرکے نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ ان لینڈ سروس کی گریڈ 22 کی افسر تھیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 19 جون کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس خارج کر دیا تھا اور قاضی فائز کی اہلیہ کے ٹیکس معاملات فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) کو بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ اور بچے لندن کی تینوں جائیدادوں کے حوالے سے ذرائع اور وسائل کے بارے میں ایف بی آر میں وضاحت دیں۔ ایف بی آر اس حوالے نوٹس کسی بھی ذریعے سے درخواست گزار جج کے اسلام آباد گھر پر بھجوائےگا۔