Time 14 جولائی ، 2020
پاکستان

کورونا ایسے افراد کو زیادہ متاثر نہ کرسکا جو پہلے سے بیمار نہیں تھے، رپورٹ

محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کورونا صورتحال پر رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق پاکستان میں کورونا کا وار دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد پر زیادہ چلا۔

رپورٹ کے مطابق کورونا سے انتقال کرنے والے 71 فیصد افراد دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے جب کہ کورونا ایسے افراد کو زیادہ متاثر نہ کرسکا جو پہلے سے بیمار نہیں تھے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا سے انتقال کرنے والے صرف  29 فیصد افراد کو کوئی اور بیماری نہیں تھی۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 5 ہزار 266 افراد کورونا کے باعث انتقال کرگئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 377 افراد کو کوئی اور بیماری نہیں تھی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتقال کرنے والوں میں 3 ہزار 362 افراد دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 5 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

گزشتہ  روز بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر کورونا ٹیسٹنگ کم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

مزید خبریں :