پاکستان
Time 20 جولائی ، 2020

کراچی کے 2 اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع

مہم میں 5 سال تک کے 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا،فوٹو:فائل

کراچی کے 2 اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے والدین سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے۔

کراچی کے دو اضلاع میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایمرجنسی آپریشن سیل برائے پولیو میں بچوں کو قطرے پلا کر کیا۔

ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی اور غربی کے علاقے بلدیہ، اورنگی،نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد اور سائٹ ٹاون کی انتہائی حساس یونین کونسلوں میں مہم 24 جولائی تک جاری رہے گی۔

مہم میں 5 سال تک کے 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کورونا کی وجہ سے رضاکاروں کو ماسک،دستانے اور ہینڈ سینیٹائزر بھی فراہم کیے جارہے ہیں جب کہ رضاکاروں کی سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے والدین سے اس مہم میں اپنے بچوں کو ضرور پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے ۔

دوسری جانب کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجینسی آپریشن سینٹر فار پولیو ڈاکٹر رانا صفدر کہتے ہیں کہ  آج سے ملک کے 7 اضلاع میں مہم شروع کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث پولیو سمیت دیگر حفاظتی ٹیکوں کے مہمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں، موجودہ مہم میں ملک بھر کے 7 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔

مزید خبریں :