06 اگست ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس ہوا جس میں کورونا سمیت صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلے پر غور کیا گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے 42 ویں اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، اٹارنی جنرل اور متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے متبادل انرجی پالیسی کی منظوری دے دی جب کہ اجلاس میں اوگرا آرڈیننس 2002 میں ترمیم پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں صوبوں کےدرمیان پانی کےمسئلے پرگزشتہ اجلاس کےفیصلوں کی روشنی میں تجاویزپیش کی گئیں اور اٹھارویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق فیصلوں پرعمل درآمدکاجائزہ لیاگیا۔
مشترکہ مفادات کونسل نے کورونا سمیت عوامی فلاح اور صحت سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس، ایل این جی کی امپورٹ جیسے فیصلوں کی عمل درآمد سمیت 23 دسمبر 2019ء کو ہونے والے41 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیاگیا۔