Time 17 اگست ، 2020
پاکستان

کینجھر جھیل میں کشتی الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

ٹھٹھہ کے تفریحی مقام کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے افراد پکنک کے لیے کینجھر جھیل آئے تھے۔

بدقسمت خاندان کے افراد کشتی پر سوار ہو کر جھیل کی سیر کررہے تھے کہ تیز ہواؤں اور تیز رفتاری کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 8 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ ڈوبنے والی3 خواتین کوبچا لیاگیا ہے، مجموعی طور پر کشتی میں  کشتی میں 11خواتین اور دو بچے سوار تھے۔

زندہ نکالی جانے والی 3 خواتین کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد متاثرہ کشتی کو دوسری کشتی سے باندھ کر کنارے پر لایا گیا، کشتی میں صرف چار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی اور حادثہ کشتی میں گنجائش سے زائد افراد بٹھانے کے باعث رونما ہوا۔

خیال رہے کہ کینجھر جھیل پر فائبر کی بنی انتہائی کمزور کشتیاں کھلے عام چلائی جاتی ہیں اور ملاح زیادہ کرائے کی لالچ میں گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھاتے ہیں۔

ان کشتیوں میں لائف جیکٹس فراہم کرنے کا کوئی تصور سرے سے موجود ہی نہیں جب کہ مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہتی ہے۔ 

مزید خبریں :