Time 19 اگست ، 2020
پاکستان

شیر اور شیرنی کی ہلاکت پر زرتاج گل سمیت دیگر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چڑیا گھر کے شیر اور شیرنی کی ہلاکت پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سمیت اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے 19 ارکان کو توہین عدالت کا نوٹس دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس میں تحریری جواب اور وضاحت طلب کی گئی ہے کہ وہ بتائیں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے؟

ہائیکورٹ کی جانب سے جن 19 ارکان کو شوکاز نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، ان میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم، وزیر مملکت زرتاج گل، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکرٹری ناہید درانی، پارلیمانی سیکرٹری رخسانہ نوید، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز ، سینیٹر مشاہد حسین سید، ارکان قومی اسمبلی مریم اورنگ زیب، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سمیت دیگر شامل ہیں۔ 

خیال رہے کہ عدالت نے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال نہ ہونے پر انہیں محفو ظ پناہ گاہ منتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عملدرآمد کے دوران آگ لگا کر جانوروں کی منتقلی کی کوشش کی گئی اور اس کوشش میں شیر اور شیرنی ہلاک ہوگئے تھے۔ 

اس واقعے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 11 اگست کو شوکاز نوٹسزجاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :