01 ستمبر ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جمعے کو کراچی کے لیے نئے پیکج اور منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وفاق نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ساتھ پلان تیارکیا ہے، وزیراعظم جمعے کو کراچی جا رہے ہیں جہاں وہ سندھ حکومت کو آن بورڈ لیتے ہوئےکراچی کے لیے پیکج اور منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ کراچی کو اہم مسائل سے چھٹکارا ملے، سندھ حکومت یا تو اہل نہیں یا کراچی کی صورت حال کو سنجیدہ نہیں لے رہی، وفاقی حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے نام تجویز کردیے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کے بارے فیصلہ سندھ حکومت کرے گی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تین مرتبہ کا منتخب وزیراعظم نوازشریف اگر خود کو قانون سے اوپر سمجھتا ہے تو عوام کو سوچنا چاہیے، اب عدالت نے بھی کہہ دیا ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا ہوگا، نوازشریف کو قانون کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے۔
وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی منسلک ہے،دشمن نہیں چاہتےکہ پاکستان ترقی کرے، سی پیک پاکستان کے قومی مفاد میں ہے، اس کی حفاظت کریں گے۔