پاکستان
Time 01 ستمبر ، 2020

وزیراعظم نے کراچی سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے: اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی سے متعلق منصوبوں کی وزیراعظم نےمنظوری دے دی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نےکہا کہ کراچی سے متعلق منصوبوں کی وزیراعظم نےمنظوری دے دی اور ان ہم نے منصوبوں کا مسودہ حکومت سندھ سے شیئر کرلیا، امید ہےچند روز میں متفقہ فیصلہ کرلیں گے تاکہ کام شروع ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے منصوبے اور ایریاز پر بات کرلی تھی جن میں پانی کی سپلائی، صفائی، سیوریج، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کے معاملات ہیں، اب اس کے اندر اسکیموں پر بات ہوگی، ہماری تجویز ہے کہ کون سی لیڈ وفاق کے پاس ہو اور کون سی سندھ حکومت کے پاس، سندھ حکومت کے ساتھ فنڈنگ اور کام کا بھی میکنزم بنایا جائے گا، ہم نے پورا مسودہ سندھ حکومت کو بھیج دیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ہم سب کی خواہش ہےکہ کراچی میں ایمرجنسی بنیاد پر کام کیا جائے، ہم ایک جذبے کے ساتھ کوشش کررہے ہیں تاکہ جلد سے جلد سندھ حکومت کے ساتھ معاملات طے ہوجائیں اور گراؤنڈ پر کام شروع ہوجائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ درست بات ہے کہ کراچی میں گراؤنڈ پر کام نہیں ہوا، اگر ہم واقعی نیت رکھتے ہیں تو مشترکہ ذمہ داری لیں، سیاست کرنے کے لیے بہت چیزیں ہیں، سیاسی اختلاف ہے اور سیاست چلتی رہے گی، کراچی کے عوام کا جوحق ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :