پاکستان
Time 04 ستمبر ، 2020

وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے

بارشوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام اور پارٹی قائدین وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے، وہ دورے میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ارکان اسمبلی، اتحادی رہنما اور تاجر بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو اربوں روپے کا وفاقی پیکج دینے کا اعلان کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کراچی کی بحالی کا شارٹ ٹرم ،مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پیکج دیں گے۔

ذرائع کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں صفائی، نالوں کی صفائی، نکاس آب کےمنصوبے شامل ہیں، صاف پانی کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم کراچی میں ٹرانسپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی فنڈز کا بھی اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے جس میں سرجانی ٹاؤن، ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے شامل ہیں۔

گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی  کراچی کا دورہ کیا تھا۔

مزید خبریں :