کھیل

'سرفراز نے انگلینڈ میں آخری ٹی 20 کھیلنے سے انکار کر دیا تھا'

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ، یونس خان کے سمجھانے اور مصباح الحق کی یقین دہانی پر میچ کھیلنے پر رضامند ہوئے۔ 

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا تھا ان کے تحفظات تھے، اگر وہ بھی سرفراز احمد کی جگہ ہوتے تو یہی کرتے۔

انہوں نے بتایا کہ سرفراز احمد کے خدشات دور کرنے کی ضرورت تھی، جو ہم نے دور کردیے اور معاملہ ختم ہوگیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سرفراز احمد، ان کے، بابر اعظم اور یونس خان کے سمجھانے پر میچ کھیلنے کے لیے رضامند ہوئے تھے۔

مصباح کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا تھا لیکن جب آپ کو سیریز کا آخری میچ کھلایا جائے تو کھلاڑی کو یقینی طور پر تشویش لاحق ہوتی ہے، تشویش کی وجہ سے سرفراز احمد نے اپنے تحفظات کا ٹیم انتظامیہ سے اظہار کیا تھا۔

چیف سلیکٹر کے مطابق سیریز کا آخری میچ تھا اس لیے اُن پر دباؤ تھا کہ اگر انیس بیس ہوگیا تو وہ مشکل میں آسکتے ہیں۔

مزید خبریں :