کھیل
Time 17 ستمبر ، 2020

پی سی بی کے اعلیٰ عہدے دار مصباح، حفیظ اور اظہر سے ناراض؟

چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو مصباح، اظہر اور حفیظ کی جانب سے پی سی بی کو بائی پاس کرنے پر خوش نہیں ہیں— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار آئندہ ہفتے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی سے ملاقات کریں گے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ہیڈ کوچ  مصباح الحق، کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ کی جانب سے وزیر اعظم اور پیٹرن انچیف پی سی بی سے براہ راست رابطوں، ان سے ملاقات اور اس حوالے سے بورڈ کو عین وقت پر بتانے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو مصباح، اظہر اور حفیظ کی جانب سے پی سی بی کو بائی پاس کرنے پر خوش نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اور کپتان اظہر علی کو ملاقات کے لیے بلایا گیا ہے۔

احسان مانی یا وسیم خان یا دونوں کوچ اور کپتان کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح اور اظہر  پی سی بی کے ملازم ہیں، انہوں نے جو طریقہ کار اپنایا وہ درست نہیں تھا، انہیں بورڈ کی پالیسی کے مطابق اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لیے بغیر پیٹرن انچیف سے بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمدحفیظ کے علاوہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تجی جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کردی، ان کا کہنا تھاکہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک اسٹرکچر ہے، پرانا ڈومیسٹک نظام ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا اندازہ ہے۔

مزید خبریں :