وفاقی وزیر توانائی نے کراچی میں گیس کی قلت کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیدیا

 ڈھائی سال کی کوشش کے باوجود سندھ حکومت نے  گیس پائپ لائن بچھانے کی اجازت نہیں دی، عمر ایوب خان ،فوٹو: فائل

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کراچی میں گیس کی قلت کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دے دیا۔

ایک بیان میں عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گیس قلت حکومت سندھ کی وجہ سے ہے کیونکہ سندھ حکومت سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کو نئی گیس پائپ لائن بچھانےکاراستہ نہیں دے رہی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اضافی گیس فراہمی کیلئے نئی پائپ لائن کی ضرورت ہے،  لیکن ڈھائی سال کی کوشش کے باوجود سندھ حکومت نے اجازت نہیں دی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو درآمدی ایل این جی سے یومیہ 10کروڑ مکعب فٹ گیس دے رہے ہیں۔

 گیس کے معاملے پر بھی سوموٹو ہوجائے: مرتضیٰ وہاب

دوسری جانب مشیر وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  وفاق مسائل حل نہیں کرسکتا، کراچی کو اس کی گیس تو دے دیں، وزیراعظم کہتے ہیں سردیوں میں گیس نہیں ہوگی،  آپ مسائل حل کرکے دیں، آپ مسائل حل کرنے آئے ہیں۔

کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہر بات پر سوموٹو ہوجاتا ہے گیس کے معاملے پر بھی ہوجائے،کراچی پاکستان چلاتا ہے اس کی صنعتوں کو چلانے کے لیے گیس دیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں گذشتہ کئی روز سے گیس کی قلت کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بھی شدید مشکلات کاسامنا ہے اورصنعتی علاقوں میں پیداواری عمل بری طرح متاثر ہے۔

گیس کی کمی سے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی بجلی کی پیداوار میں بھی کمی ہوئی ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرانی گیس فیلڈز کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے اور سوئی سدرن کے نظام میں گیس کمی کا حجم 100سے بڑھ کر150 ملین مکعب فٹ ہوگیا ہے،جس کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور ایس ایس جی سی نے سردیوں میں بڑے پیمانے پر گیس قلت کے خدشےکا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :