پاکستان

وفاقی کابینہ آج نواز شریف کی واپسی کے اقدامات کا جائزہ لے گی

فوٹو: فائل 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں سیاسی، معاشی اور قومی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معمول کے 12 نکا تی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔

کابینہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک، جلسوں اور نواز شریف کی واپسی کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے میں ریاست مخالف تقریر کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ کابینہ کو کورونا کی موجودہ صورتحال اور اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

گندم کی درآمد سے متعلق کابینہ اور ای سی سی کے تمام فیصلے کابینہ کے سامنے رکھے جائیں گے اور گندم کی درآمد سے متعلق ٹائم لائن سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چینی کی درآمد کے شیڈول پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ وزارتوں، ڈویژنوں اور ماتحت اداروں میں سی ای اوز اور ایم ڈیز کی خالی پوسٹوں کی تفصیلات اجلاس میں پیش ہو گی۔

اجلاس کو کریمنل لاء ریفارمز پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی جب کہ عسکری ائیر کو آر پی ٹی کے لائسنس کی منسوخی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان ریلوے کی تعمیر نو اور بحالی کا مکمل پلان منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جب کہ وفاقی کابینہ خلیجی ممالک کے معززین کے لیے لائیواسٹاک کی برآمد کا جائزہ لے گی۔

مزید خبریں :