Time 29 اکتوبر ، 2020
کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے معاہدے میں توسیع کا خواہشمند

پی سی بی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے معاہدے میں توسیع کا خواہشمند ہے اور مزید دو برس کے معاہدے کی پیشکش کرے گا— فوٹو: فائل

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے معاہدے میں توسیع کا خواہشمند ہے، اس سلسلے میں فریقین کے درمیان ابتدائی بات چیت جاری ہے، وسیم خان ان دنوں فیملی کے پاس انگلینڈ میں ہیں اور وہ مشاورت کے بعد مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

‏ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے معاہدے میں توسیع کا خواہشمند ہے اور مزید دو برس کے معاہدے کی پیشکش کرے گا۔  اس حوالے سے پی سی بی اور وسیم خان کے درمیان ابتدائی بات چیت جاری ہے،  وسیم خان کا پی سی بی کے ساتھ فروری 2022 تک تین سال کا معاہدہ ہے،  فریقین میں معاہدے کے تحت ایک سال باقی رہنے پر مستقبل کا دونوں نے فیصلہ کرنا ہے۔

12 ماہ پہلے مزید معاہدہ نہ کرنے اور معاہدہ میں توسیع کے بارے میں بتانا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ دنوں فریقین کے درمیان ابتدائی بات چیت ہو ئی ہے۔

 معاہدے میں ایک سال باقی رہنے پر وسیم خان کو معاہدے میں توسیع کی باضابطہ پیشکش کی جائے گی،  وسیم خان کو آئندہ برس جنوری میں معاہدے کی پیشکش ہو گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ وسیم خان اپنی رضا مندی ظاہر کریں۔

وسیم خان ان دنوں برمنگھم میں موجود ہیں، ان کی فیملی پہلے ہی انگلینڈ واپس جا چکی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ وہ یہاں سیٹ نہیں ہو سکی، اب وسیم خان فیملی سے مشاورت کے بعد مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ اس حوالے سے ان کی فیملی کی رائے کو بڑی اہمیت حاصل ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیملی کو دیکھتے ہوئے   وسیم خان کے لیے معاہدے میں توسیع کا فیصلہ کرنا دشوار ہوگا، وسیم خان ان دنوں برمنگھم سے امور انجام دے رہے ہیں اور اتوار کو اسلام آباد واپس آئیں گے۔

مزید خبریں :