12 دسمبر ، 2020
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ یہ میرا نیوزی لینڈ کا پہلا ٹور ہے، اس میں اچھا کرنے کی کوشش کروں گا، میری کوشش ہوگی کہ میں کوچنگ اسٹاف کی ہدایت کے مطابق اپنا نیچرل گیم کھیلوں اور وکٹ پر زیادہ سے زیادہ رکوں۔
کوئنز ٹاؤن سے پاکستانی میڈیا سے آن لائن گفتگو کرتے کرتے ہو ئے حیدر علی نے کہا کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد ہم نے قرنطینہ میں جو 14 روز گزارے وہ بہت مشکل تھے اس دوران کچھ کرکٹرز کے کووڈ 19 کے پازیٹو ریزلٹ بھی آئے۔ ہمارے لیے مشکل وقت اس لیے بھی تھا کہ ہم اس دوران ٹریننگ نہیں کر سکتے تھے۔ ہم کمروں میں ہی رہتے ہوئے فزیکل ٹریننگ کرتے رہے ہیں۔
حیدر علی نے کہا کہ اگرچہ ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ اس کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ٹریننگ کریں تاکہ سیریز کی اچھی تیاری ہو اور پرفارم کر سکیں ۔
حیدر علی نے کہا کہ ہماری ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم بہت اچھی ہے، اس میں نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں، میرے ساتھ عبداللہ شفیق بھی ٹیم میں شامل ہیں، ہمیں نیچرل گیم کھیلنے کا کہا جاتا ہے، اس لیے ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈبیو کیا اس میں میرے اوپر کوئی دباؤ نہیں تھا میں نے اپنا نیچرل کھیل پیش کیا۔
حیدر علی نے کہا کہ کوچز نے ہمیں نیوزی لینڈ کی پچز پر کھیلنے کے حوالے سے ٹپس دی ہیں، بہت کچھ بتایا کہ کیسے کھیلنا ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی پچز پر فاسٹ بولروں کو مدد ملتی ہے اسی کے مطابق خود کو تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔
حیدر علی نے کہا کہ ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تینوں فارمیٹ میں ملک کی نماٗندگی کرے، میری بھی یہی خواہش ہے اور ٹارگٹ بھی یہی ہے کہ میں تینوں فارمیٹ میں کھیلوں، مجھے جب بھی موقع ملا میں سو فیصد دینے کی کوشش کروں گا ، مجھے تینوں فارمیٹ میں جو بھی رول دیا جائے گا میں اس کو نبھانے کی کوشش کروں گا ۔
حیدر علی نے بتایا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو رات نیند نہ آنے کی وجہ سے مجھے کمرے میں اپنی ٹریننگ کا ٹائم تبدیل کرنا پڑا، شروع میں دن رات کا کمرے میں پتہ ہی نہیں چلتا تھا میں فجر کی نماز کے بعد کمرے میں ہی ٹریننگ شروع کر دیتا تھا، کبھی بالکونی میں آجاتا، کبھی جوگنگ شروع کر دیتا تھا مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرے نیچے روم میں شاہین شاہ آفریدی کا روم ہے، ان سے جب بات ہوئی تو پتہ چلا کہ میری ٹریننگ کرنے کی وجہ سے انہیں نیند نہیں آئی تو میں نے اپنی ٹریننگ کا ٹائم تبدیل کر دیا۔