دنیا
Time 14 دسمبر ، 2020

امریکا میں پہلی کورونا ویکسین لگادی گئی

امریکا میں شہریوں کو کورونا ویکسین دینے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور  پہلی ویکسین ایک نرس کو دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا کے باعث 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز نیویارک کے ایک اسپتال سے ہوا جہاں ایک نرس ساندرا لِنزے کو فائزر کی ویکسین دی گئی، ویکسینیشن پروگرام کے افتتاح کو انٹرنیٹ پر براہ راست دکھایا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں پہلی ویکسین لگنے پر ٹوئٹر پر ایک پیغام میں تمام امریکیوں اور پوری دنیا کو مبارک باد پیش کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

فائزر کے مطابق ابتدائی طور پر ویکسین کی 29 لاکھ خوراکیں (ڈوز)  پورے امریکا میں روانہ کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی حکومت نے فائزر اورموڈرنا دونوں کی تیار کردہ ویکسین کے آرڈر دے رکھے ہیں اورحکام کو امید ہےکہ فروری کے اختتام تک دونوں کمپنیوں کی 10 کروڑ خوراکیں تیار ہوں گی جس کے بعد عوامی سطح پر ویکسینیشن پروگرام شروع کیاجاسکے گا۔

مزید خبریں :