14 دسمبر ، 2020
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نےکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا تھاکہ درخواست گزار کا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے پورے ملک میں آنا جانا رہتا ہے، اور اس پر لاہور میں اہلیہ مریم نواز کے ساتھ قومی احتساب بیورو(نیب) کے آفس جاتے ہوئے ایک بار حملہ بھی ہو چکا ہے۔
درخواست کے مطابق سیکیورٹی کےلیے سیکرٹری داخلہ کو درخواست دی لیکن کوئی جواب نہیں ملا، عدالت خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرلز ( آئی جیز) کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئےکہا کہ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہےکہ وہ ہر شہری کو سیکیورٹی فراہم کرے، آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائی کورٹ اس بارے میں ہدایات جاری نہیں کر سکتی، عدالت توقع کرتی ہے کہ ریاست آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تمام شہریوں کو بلا تفریق سیکیورٹی فراہم کرے گی۔