دنیا
Time 30 دسمبر ، 2020

امریکا میں بھی کورونا کی نئی قسم کا پہلا کیس رپورٹ

فائل فوٹو

برطانیہ سے پھیلنے والا کورونا کا نیا وائرس کئی ممالک کے بعد اب امریکا بھی پہنچ گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا میں کووڈ 19 کے نئے وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جس کی تصدیق ریاست کولوراڈو کے ایک 20 سالہ نوجوان میں ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کی نئی قسم سے متاثرہ نوجوان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں جب کہ متاثرہ شخص میں وائرس کی تصدیق کے بعد اسے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

ریاست کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ وہ متاثرہ مریض سے رابطے میں رہنے والوں کی تلاش کررہے ہیں اور وائرس کی نئی قسم کے دیگر کیسز پر بھی کام جاری ہے۔

ریاست کولوراڈو کے گورنر جیرڈ پولس نے کہا کہ کورونا کی نئی قسم سے متاثرہ مریض کو البرٹ کاؤنٹی کے نزدیک آئسولیٹ کیا گیا ہے جب کہ حکام اس سلسلے میں مزید تحقیقات کررہے ہیں البتہ مریض کے قریبی روابط میں اب تک کسی شخص میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

جوبائیڈن کی ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید

دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے ویکسین کی تقسیم پر ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جوبائیڈن نے ٹرمپ انتظامیہ کے کورونا ویکسین کے پروگرام کو ناکام قرار دیا ہے۔

علاوہ ازیں امریکا دنیا بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 2 کروڑ کے قریب اور ہلاکتیں ساڑھے 3  لاکھ کے قریب ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کےکئی ممالک میں کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :