کھیل
Time 02 جنوری ، 2021

قومی ٹیم کے کپتان نے دوسرے ٹیسٹ میں تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا

بابر اعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ سیریز ہاتھ سے نہیں نکلی دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے سب پراعتماد ہیں۔

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ کسی بھی دورے کا آخری میچ بہت اہم ہوتا ہے، اب ٹیسٹ دورے کا آخری میچ ہے، اس میں کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلے میچز ہارے پھر ہم نے تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کی، اس میچ کو ہم سب نے اہم سمجھا، مصباح بھائی نے یہی کہا کہ یہ میچ اہم ہے ہم نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ سے مومنٹم پکڑا اور ٹیسٹ میچ میں کھلاڑیوں نے فائٹ کیا۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ سیریز ہمارے ہاتھ سے نہیں گئی تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں ہمارے پاس ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ہے

بابر اعظم کی عدم دستیابی کے بارے میں قائم مقام کپتان نے کہا کہ بابراعظم ایک بہادر کھلاڑی ہیں، انہوں نے پہلے بھی بہت قربانیاں دی ہیں، بابر اعظم کا ماننا ہے کہ ابھی انہیں مکمل فٹنس کے لیے وقت درکار ہے، ان جیسے کھلاڑی کے ٹیم میں نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے لیکن یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے موقع سے فائدہ اٹھانے کا وقت ہے، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم واپس آئیں گے تو اچھا کمبی نیشن بنے گا۔

محمد رضوان نے ٹیم میں تبدیلیوں کے بارے میں کہا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کا سوچا ہوا ہے، ابھی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے جس طرح کی کنڈیشنز ہیں ٹاس جیت کر بولنگ کریں گے کیونکہ پچ پر گھاس بھی ہے اور موئسچر بھی ہے، بادل بھی چھائے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :