04 جنوری ، 2021
ایران نے خلیج فارس میں جنوبی کوریا کے تجارتی بحری جہاز کو تحویل میں لے کر عملےکو بھی حراست میں لے لیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے خلیج فارس میں کارروائی کرتے ہوئے آبی آلودگی پھیلانے کے جرم میں جنوبی کوریا کے کیمیکل لے جانے والے جہاز کو تحویل میں لیا ہے۔
جنوبی کوریا کے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی فورسز نے عمان کے سمندر ی علاقے سے ایک کیمیکل سے بھرے جہاز کو پکڑا ہے جس میں عملے کے 20 افراد موجود ہیں۔
جنوبی کوریا نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران فوری طور پر عملے کو جہاز سمیت رہا کرے۔
ایران نے الزام لگایا ہےکہ جنوبی کوریا کے جہاز نے عالمی قوانین اور پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے یہ کارروائی ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکی پابندیوں کی وجہ سے جنوبی کوریا کے بینکوں نے ایرانی فنڈز منجمد کردیے ہیں جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دیکھی جارہی ہے۔