Time 06 جنوری ، 2021
پاکستان

لاہور: آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اغوا کے بعد قتل

لاہور میں آن لائن ٹیکسی سروس کے ڈرائیور کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔

جیونیوز کےمطابق بھوگی وال باغبانپورہ کے رہائشی26 سالہ نوجوان محمد علی نے 4 اور 5 جنوری کی درمیانی شب شالیمار کے علاقے سے رائیڈ بک کی تھی جس کے کچھ دیر بعد اہل خانہ سے رابطہ ہوا اور پھر موبائل فون بند ہوگیا، ورثاء نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تو چند گھنٹوں بعد لاش ساندہ کے علاقے سے ملی۔

مقتول کے  ورثا نے واقعے کو ڈکیتی پر قتل قرار دیا اور شبہ ظاہر کیا ہے کہ علی کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کیا، مقتول محمد علی 2 سالہ بچی کا باپ تھا۔

پولیس کےمطابق مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیاجب کہ ملزمان گاڑی، موبائل اور پرس بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے موبائل فون کالز کی تفصیلات بھی حاصل کرلیں اور ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔ 

پولیس کے مطابق قتل ڈکیتی کے دوران ہوا یا کسی نے عداوت پر موت کے گھاٹ اتارا، جلد پتہ لگا لیں گے۔

مزید خبریں :