دنیا
Time 11 جنوری ، 2021

جرمن چانسلر کو ٹرمپ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ مستقل بلاک ہونے پر تشویش

جرمن چانسلر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جھوٹ اور تشدد کو بڑھاوا دینا بھی باعث تشویش ہے لیکن ایسے مسائل سے ریاستی اداروں کو ہی نمٹنا چاہیے،فوٹو: فائل

 جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس  بندکرنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے مسئلہ قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اینجلا مرکل نے ایک بیان میں اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کا تعین آن لائن پلیٹ فارمز کے سربراہوں کو نہیں کرنا چاہیے۔

اینجلا مرکل کے ترجمان کا کہنا ہےکہ آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق کو اولین اہمیت حاصل ہے جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی انتظامیہ کے بجائے قانون اور ضابطے کے تحت ہی مداخلت کی جانی چاہیے۔

ترجمان کے مطابق اسی تناظر میں اینجلا مرکل کو ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹراکاؤنٹ مستقل بند ہونے پر تشویش ہے۔

جرمن چانسلر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جھوٹ اور تشدد کو بڑھاوا دینا بھی باعث تشویش ہے لیکن ایسے مسائل سے ریاستی اداروں کو ہی نمٹنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں واشنگٹن کے کیپیٹل ہل میں پرتشدد مظاہرے کی حمایت پر مبنی ٹوئٹ کے بعد سے ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ذاتی اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک کر دیا ہے جس کے 9 کروڑ فالوورز تھے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر تشدد میں اضافے کا باعث بننے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ فیس بک اور انسٹاگرام نے بھی صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹس کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک صدارتی انتخاب میں اپنی شکست قبول نہیں کرسکے ہیں جب کہ منتخب امریکی صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہےکہ اگر صدر ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا۔

مزید خبریں :