دنیا
Time 20 جنوری ، 2021

کورونا سے بچنے کیلیے روحانی پیشوا کا شربت پینے والے کئی افراد وائرس میں مبتلا

فوٹو: بشکریہ الجزیرہ

سری لنکا کے ایک روحانی پیشوا نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایک کرشماتی شربت تیار کرنے کا دعویٰ کیا جسے پی کر کئی لوگ وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق وسطی سری لنکا کے ایک گاؤں کے روحانی پیشوا دھمیکا باندرا کی جانب سے بنائے جانے والے  اس شربت کو حاصل کرنے کے لیے ہزاروں افراد نے عوامی اجتماعات پر عائد پابندی کی خلاف ورزی بھی کی۔

خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر بھی ان متعدد سیاستدانوں میں شامل تھے جنہوں نے اس کرشماتی شربت کو پیا۔

پارلیمانی عہدیداروں نے بتایا کہ اس شربت کو پینے کے بعد وزیر کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد انہیں علاج و معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب اسی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک اور سیاستدان کا خاندان بھی یہ شربت پی کر کورونا میں مبتلا ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شربت جڑی بوٹیوں سے بنایا گیا تھا جس کی ایک بوتل کی قیمت 13 ڈالر ہے۔

مقامی عہدیداران کے مطابق سری لنکا میں جڑی بوٹیوں سے تیار کی جانے والی ادویات کا استعمال بہت عام ہے اسی وجہ سے دسمبر کے مہینے میں 4 روز کے دوران اس کرشماتی شربت کو حاصل کرنے کے لیے تقریباً ہزار کے قریب لوگوں نے مقامی روحانی پیشوا کے گھر کا رخ کیا۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس روحانی پیشوا نے اس کرشماتی شرکت کو متعدد کمپنیوں اور مندروں کو بھی فروخت کیا ہے۔

مزید خبریں :