Time 24 جنوری ، 2021
پاکستان

کھوکھربرادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزارکرائی، فردوس عاشق

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کھوکھربرادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزارکرالی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ لاہور میں کسی سیاسی دباؤ کے بغیر قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کی نگرانی خود وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی جہاں جہاں سرکاری اراضی قبضہ مافیا کے پاس ہے اسے واگزار کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  کھوکھربرادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزارکرائی گئی ہے، قبضہ مافیا کا یہ گروہ جعلی راجکماری کو پچاس پچاس لاکھ روپے کے پرس گفٹ کرتا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ قوم کو گمراہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی، ن لیگ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرتی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کے رہنماؤں پر مشتمل 50 افراد کی فہرست بھی میڈیا کے سامنے پیش کی اور الزام لگایا کہ مختلف شہروں میں ان افراد نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کھوکھر پیلس کے ارد گرد آپریشن مکمل کرکے 38کنال زمین واگزار کرا لی جبکہ ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہےکہ اس زمین پرغیرقانونی قبضہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :