24 جنوری ، 2021
حکومت کی جانب سے ٹماٹر کی درآمد کا سلسلہ بند نہ کیے جانے پر حیدرآباد میں مقامی ٹماٹر کی قیمت کوڑیوں کے مول رہ جانے کے باعث آبادگاروں نے دلبرداشتہ ہو کر اپنی تیار فصل پر ہل چلا دیا۔
سندھ آبادگار بورڈ کے مطابق وفاقی حکومت کو ڈیڑھ ماہ قبل ہی موجودہ صورتحال سے خط لکھ کرآگاہ کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے درآمد کا سلسلہ بند نہ کیا گیا۔
درآمد بند نہ ہونے کی وجہ سے مقامی ٹماٹر کے ریٹ بہت کم ہو گئے ہیں اور آبادگاروں سے ٹماٹر اس وقت بھی 11 سے 15 روپے فی کلو میں خریدا جارہا ہے اور مزید کم ہو کر 5 روپے تک پہنچ جانے کا امکان ہے جس کے سبب آباگاروں کا فصل پر آنے والا خرچ تک پورا نہیں ہو سکے گا۔
اسی صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر آبادگاروں نے احتجاجاً اپنی ٹماٹر کی تیار فصلوں پر ہل چلانے شروع کر دیے ہیں۔