امریکی شہری سوتے ہوئے ائیرپوڈ نگل گیا

فائل فوٹو

امریکی شہری نے حیرت انگیز طور پر ائیرپوڈ نگل لیا جو اس کی غذائی نالی میں پھنس گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میسا چوسٹس کے رہائشی بریڈ گوتھیئر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ان کے ساتھ عجیب وغریب واقعہ پیش آیا اور وہ جب سو کر اٹھے تو ان کے ائیر  پوڈ جو وہ رات کو لگا کر سوئے تھے وہ غائب ہوچکے تھے۔

انہوں نےکہا کہ اسی دوران انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی لیکن انہوں نے تکلیف کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک گلاس پانی پینے کی کوشش کی تو گلے سے پانی اترنا مشکل ہوگیا اور ان کا  دم گھٹنے لگا حتیٰ کہ تکلیف کی وجہ سے پانی کو باہر نکالنا پڑا۔

فوٹو: سوشل میڈیا

بریڈ کے مطابق بیٹے اور اہلیہ کے ساتھ متعدد مرتبہ ائیر پوڈ ڈھونڈنے کے باوجود نہیں ملے تو اہلیہ اور بیٹے نے ازراہ مذاق کہا کہ کہیں میں نے ائیر پوڈ نگل تو نہیں لیا۔

بریڈ نے میڈیا کو بتایا کہ سینے میں تکلیف اور ائیرپوڈ نہ ملنے کے بعد میں نے اسپتال جانے کا ارادہ کیا جہاں ڈاکٹرز نے سی ٹی اسکین کے ذریعے ائیرپوڈ کے نگلنے کی تصدیق کی۔

سرجری کے دوران ڈاکٹر ز کی جانب سے بریڈ کو خبردار کیا گیا کہ سرجری کا طریقہ کار ان کے لیے خطرناک بھی ہوسکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوا اور بریڈ کامیاب سرجری کے بعد گھر چلے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حیرت انگیز طور پر جب آپریشن کے بعد ائیرپوڈ باہر نکالے گئے تو وہ بالکل صحیح کام کررہے تھے۔

مزید خبریں :