Time 06 مارچ ، 2021
پاکستان

علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا معاملہ، پی ٹی آئی کے ایم این ایز سامنے آ گئے

فوٹو: فائل

علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل میں شامل پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین قومی اسمبلی منظر عام پر آ گئے۔

سینیٹ الیکشن سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کچھ اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب ویڈیو اسکینڈل میں شامل پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین قومی اسمبلی فہیم خان اور جمیل احمد سامنے آ گئے ہیں۔

صحافی کی جانب سے اسٹنگ آپریشن سے متعلق سوال پر رکن قومی اسمبلی جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کے کہنے پر ویڈیو نہیں بنائی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود تھے، ہم وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں، ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر پارٹی کا بنانیہ جلد سب کے سامنے آ جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی ایم این ایز کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے، ہمارا دامن صاف ہے۔

مزید خبریں :