Time 10 اپریل ، 2021
کھیل

برطانوی شاہی خاندان کا بہترین کرکٹر پرنس فلپ

فوٹو: فائل

ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پرنس فلپ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے، وہ شاہی خاندان کے اب تک کے بہترین کرکٹر رہے، وہ کرکٹ کے دیوانے ہونے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت آل راؤنڈر بھی تھے۔

ڈیوک آف ایڈنبرا نے دو دفعہ (1949-50 اور 1974-75) ایم سی سی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ایم سی سی کے اعزازی رکن بنے۔

ان کو بچپن ہی سے کرکٹ سے بے لوث محبت تھی، انہوں نے اسکول کے زمانے سے ہی کرکٹ کھیلنا شروع کی اور گورڈن اسٹوون اسکول کی پہلی ٹیم میں کپتانی کے فرائض بھی انجام دیے۔

فوٹو: فائل

کہا جا تا ہے کہ وہ ٹینس لان، ونڈ شیم مور  (Windlesham Moor) میں نوکروں کے ساتھ کرکٹ پریکٹس کرتے تھے۔ فلپ اور ان کی اہلیہ ملکہ ایلزبتھ دوم پہلے ونڈ شیم مور میں رہا کرتے تھے۔

پرنس فلپ کرکٹ سے محبت کی وجہ سے نیشنل پلیئنگ فیلڈز ایسوسی ایشن (این پی ایف اے) سے وابستہ ہوئے اور 1947 سے 2013 تک وہ این پی ایف اے کے صدر کے عہدے پر فائز رہے، 2013 میں ان کے پوتے ڈیوک آف کیمیرج، پرنس ولیم کو ان کا جانشین مقرر کیا گیا۔

این پی ایف اے ایک برطانوی خیراتی ادارہ ہے جس کی بنیاد 1920 میں بریگیڈیئر جنرل رگینالڈ کینٹش اور ڈیوک آف یارک نے رکھی، اس ادارے کا مقصد پارکس اور گرین اسپیس کی حفاظت کرنا اور برطانوی شہروں اور قصبوں میں کھیلوں کے ساتھ تفریحی مقامات کو دسترس میں لانا تھا۔

فوٹو: فائل

پرنس فلپ لارڈز ٹریورنرز (یوکے یوتھ کرکٹ اینڈ ڈس ایبلٹی اسپورٹس چیریٹی) کے پیٹرن چیف رہے اور آخری لمحے تک کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرتے رہے۔

انہوں نے ٹریورنرز الیون ٹیم کی نمائندگی بھی کی اور اس چیریٹی کے سرپرست اعلیٰ بھی رہے، انہوں نے لارڈر ٹریورنرز ای سی بی ٹرافی بھی متعارف کروائی۔ 77 بعد کاؤنٹی چیمپئن بننے والی ٹیم لنکا شائر کو بکنگھم پیلس میں ایک تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا اور ڈیوک آف ایڈنبرا نے ٹیم کے کپتان کو ٹرافی پیش کی۔

کپتان گلین چیپل نے بکنگھم پیلس کے دورے کو ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیا، یہ چیریٹی ادارہ ہر سال کاؤنٹی چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کرتا ہے۔

فوٹو: فائل

ملکہ ایلزبتھ اور ڈیوک آف ایڈنبرا ہمیشہ سے کرکٹ کے دیوانے رہے، اس شاہی جوڑے نے 2019 ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ڈیوک آف ایڈنبرا کی غیر معمولی عوامی خدمات کو ہمیشہ رکھا جائے گا لیکن شہزادہ فلپ کے انتقال سے کبھی نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :