Time 18 اپریل ، 2021
پاکستان

وہاڑی میں پولیس نے اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کر دی

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے ہاتھوں پیٹی بند بھائیوں کی شہادت کے باوجود گرفتار مظاہرین کو پولیس لائنز میں اکٹھا کیا، ایک ساتھ بیٹھ کر سحر اور افطار کیا، وہاڑی پولیس کی جانب سے صبر و تحمل کے مظاہرے نے لوگوں کے دل جیت لیے۔

پولیس کے بارے میں تاثر ہے کہ تھانوں میں ملزمان سے اچھا سلوک نہیں کیا جاتا لیکن جس طرح سب انگلیاں برابر نہیں ہوتیں اسی طرح پولیس بھی ہے۔

گزشتہ دنوں ایک کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے پولیس کے ساتھ جو سلوک روا رکھا اس کی مثال نہیں ملتی، اسی طرح وہاڑی پولیس نے گرفتار مظاہرین کے ساتھ جس ظرف کا مظاہرہ کیا اس کی مثال بھی نہیں ملتی۔

کالعدم تحریک لبیک کے دھرنوں کے دوران پولیس کے جوانوں کو بے دردی سے مارا پیٹا گیا لیکن وہاڑی پولیس نے حسن سلوک اور ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار مظاہرین کے لیے افطاری اور سحری کا اجتماعی اہتمام کیا۔

پولیس نے پُر تشدد مظاہروں کے دوران پکڑے جانے والے مظاہرین کو پروٹوکول کے ساتھ پولیس لائنز میں اکٹھا کیا، تشدد کا نشانہ بننے والے اہلکار گرفتار افراد کے ساتھ ایک میز پر بیٹھے، پولیس اور ملزمان نے اکٹھے سحری کی اور بعد میں ملزمان کو باقاعدہ افطاری بھی کروائی گئی، اس موقع پر گرفتار افراد شرمسار نظر آئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے تو جو کرنا تھا سو کیا لیکن پولیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے اخلاقی برتری کی اچھی مثال قائم کی ہے۔

مزید خبریں :